Home / ساہیوال / ساہیوال: دن بھر کی اہم خبریں — ملک دلاور سلطان ڈھکو

ساہیوال: دن بھر کی اہم خبریں — ملک دلاور سلطان ڈھکو

ڈپٹی کمشنر ساہیوال میاں محمدزمان وٹونے کہا ہے کہ پولیو وائرس کے احتمام کا یکسر خاتمہ کریں گے اس سلسلہ میں وفاقی و صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح صوبہ سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہے اور ضلعی کارکردگی بھی پولیو کی کامیاب مہم سے مشروط کر دی گئی ہے جس کے لئے نہ صرف محکمہ ہیلتھ بلکہ تعاون کرنے والے اداروں اور والدین کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے25مارچ سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں اپنے دفترمیں براڈکاسٹرملک دلاورسلطان ڈھکو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے مقامی ریڈیواسٹیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نے کہا کہ دنیا سے مقابلہ کرنے والے ملک پاکستان کا موازنہ پولیو کی وجہ سے افغانستان کے ساتھ کیا جا رہا ہے ہم نے اس موذی مرض کو ختم کرکے اقوام عالم میں پاکستان کا نام اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کمزور نتائج کی حامل یونین کونسل کی نہ صرف نشاندہی کرے بلکہ تجاویز بھی فراہم کرے ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری کوششوں سے کوئی ایک بھی بچہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ ہو گیا تو دنیا و آخرت میں ہماری نجات کا ذریعہ ہے۔یہ انسانیت کی خدمت ہے اسے ڈیوٹی سمجھ کرنہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ہونے والے فیصلوں کی نچلی سطح تک منتقلی نہایت ضروری ہے کیونکہ فیلڈ سٹاف اس مہم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ان کا اپنے فرائض سے سنجیدہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں تعاون کرنے والے اداروں اور این جی اوز کا بھی کلیدی کردار ہے تمام ادارے اور این جی اوز کے نمائندگان بھی فیلڈ میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں اور ان میں بہتری کے لئے اپنی قیمتی آراء سے آگاہ کریں۔ملک دلاور سلطان ڈھکو نے تجویز دی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں ریڈیوپر پروگرام کریں گے اورطلباء کی آگہی کے لئے سیمینار کا انعقاد کریں گے تاکہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالبعلم اپنے گھروں میں انسداد پولیو مہم کی اہمیت کو اجاگر کر سکیں۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
خواتین کے عالمی دن کے سلسلہ میں راہ حق ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔اس موقع پرفاؤنڈیشن کے صدرومعروف سماجی شخصیت میاں بابرصغیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے مذہب اسلام میں جتنی حقوق خواتین کو دیے ہیں کسی اور مذہب میں حاصل نہیں ہیں۔اس وقت دنیا بھر میں خواتین ہر میدان میں مردو کے شانہ بشانہ نظر آتی ہیں لیکن ان کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔21ویں صدی میں بھی گھرسے باہر نکلنے والی خواتین کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔خواتین کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی حاصل کرنا ہوگا تاکہ وہ مالی طور پر مضبوط ہو کر حالات کا مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ یوان میں بیٹھی ممبران کو چاہیے کے وہ خواتین کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے آواز اُٹھائیں ۔موجودہ دور میں بھی خواتین کارو کاری وٹہ سٹہ جیسی رسومات کا شکار ہیں جب تک حکومت خواتین کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قانون پر سختی سے عمل درآمد نہیں کراتی ان مسائل کا خاتمہ ممکن نہیں ہے ۔تقریب میں پنجاب کے طول وعرض سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک تھیں اس موقع پر نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں بزنس فیسلیٹیشن سنٹرساہیوال چیمبر آف کامرس کی جانب سے تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
گورنمنٹ ای لائبریری ساہیوال میںTen Pakistanکے زیر اہتمام آٹھ ہفتوں پر مشتمل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان انگلش لینگوئج ٹریننگ کورس تھا۔ اس میں انگلش بول چال کو مختلف دلچسپ سرگرمیوں کی مدد سے بہتر کیا گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرنے ہوئےTen Pakistanکے سی ای او مہر سہیل کامران ٹریننگ مینجر، اکمل ضیا چیف آپریٹینگ آفیسر، فرحان نیاز اور ورکشاب ٹرینر فوزیہ سلیم، چیف لائبریرین محمد انصر نے انگلش زبان کی اہمیت کے پیش نظرTen Pakistanکی اس کاوش کو سراہا اور اس طرح کے پروگرام مزید کرواتے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔ مہمان خصوصی عمیر عباس اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان ٹوبیکو بورڈPakistan) (Tobacco Boardنے تمام Participantsکو اسناد سے بھی نوازا۔
ساہیوال:گورنمنٹ ای لائبریریTen Pakistanکے زیر اہتمام ورکشاپ سے سی ای او مہر سہیل کامران،انچارج لائبریری محمدانصر، اکمل ضیا فرحان نیاز اورٹرینر فوزیہ سلیم خطاب کررہی ہیں۔دوسری طرف شرکاء میں تعریفی اسنادتقسیم کی جارہی ہیں
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
ڈائریکٹرکالجز راناعبدالشکورکو تعلیمی بورڈ ساہیوال کا اضافی چارج سونپ دیاگیا،اس سے قبل چیئرمین کا چارج سیکرٹری بورڈڈاکٹرذوالفقارعلی ثاقب کے پاس تھا۔ڈائریکٹرکالجز ساہیوال ڈویژن رانا عبدالشکور کو بورڈ آفس میں پہلی بار آنے پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ ساہیوال ڈاکٹر ذوالفقار علی ثاقب ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حافظ فدا حسین نے انہیں شانداراندازمیں ویلکم کیااورپھول پیش کئے۔ریسرچ اینڈ کوارڈینیشن آفیسر محمد منیر خان اور ساہیوال بورڈ ایسوسی ایشن کے صدر پرویز احمد ڈوگر نے بھی چیئرمین تعلیمی بورڈ کو پھول پیش کیے ۔اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ رانا عبدالشکور نے بورڈ ملازمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بورڈ کے تمام اہم کام انشاء اللہ بہت جلد میرٹ پر ہوں گے اور جاری میٹرک سالانہ امتحان 2019میں بوٹی مافیا اور impersonationکرنے والوں کے خلاف سختی سے پیش آیاجائیگا۔یادرہے کہ سابقہ حکومت کے دورمیں چیئرمین کاچارج کمشنر کے سپردکیاگیاتھا،نئی حکومت بھی بورڈ کو مستقل چیئرمین فراہم کرنے میں تاحال ناکام نظرآرہی ہے۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
مقامی صحافی پر لیگی یوسی چیئرمین کا تشدد،ڈویژنل صدرپریس کلب کا نوٹس،صحافیوں کا احتجاج،پولیس نے مقدمہ درج کرلیاگیا۔گزشتہ روزمقامی صحافی راناغلام حیدرکو(ن) لیگی یوسی چیئرمین طاہرحبیب نے گالیاں اورٹیلی فون پر قتل کی دھمکیاں دیں جس پرصحافی درخواست لکھواکر کچہری سے باہر اپنی موٹرسائیکل کی طرف جارہاتھاکہ طاہرحبیب نے تیزرفتاری سے گاڑی اس پر چڑھادی جس سے صحافی زخمی ہوگیا۔طاہرحبیب مزیدمشتعل ہوگیاجس نے گاڑی سے اترکر صحافی کو زدوکوب کرنا شروع کردیااورجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جسے مقامی پولیس نے حراست میں لیکر تھانہ منتقل کردیااورکچھ دیر بعد چھوڑدیا،جس کاساہیوال ڈویژنل پریس کلب کے صدرپیر سید طمطراق محاسن شاہی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی صدرسے رپورٹ طلب کرلی۔اس موقع پر انہوں نے ڈی پی اوساہیوال کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء سے واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کامطالبہ کیا۔انہوں نے صحافی پر حملہ کو صحافت پر قدغن لگانے کی ناکام کوشش قراردیا۔بعدازاں صحافیوں نے فائیوچوک ضلع کچہری اورڈی پی اوآفس مقامی پولیس کیخلاف احتجاج بھی کیا۔پولیس نے صحافی راناغلام حیدرکی مدعیت میں مختلف دفعات کے تحت (ن) لیگ کے یوسی چیئرمین طاہرحبیب کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے طاہرحبیب کی گرفتاری کیلئے اس کی رہائشگاہ اورہوٹل پر چھاپے مارے لیکن ملزم ہاتھ نہ آسکا۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
ریجنل پولیس آفیسرساہیوال شارق کمال صدیقی نے کہاہے کہ محنت ولگن سے عوام کی خدمت کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔افسران مزیدجدوجہد اورجذبہ حب الوطنی سے سرشارہوکر عوام کی خدمت کریں۔انہوں نے یہ بات ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین میں اچھی کارکردگی پر تعریفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔ڈی پی اواوکاڑہ اطہراسماعیل اوراے ڈی آئی جی راناافتخاراحمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے جان ومال کاتحفظ اولین ترجیح ہے۔پولیس افسران وملازمان مکمل تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں ۔تھانوں اوردفاترمیں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اورکوشش کریں کہمعمولی مسئلہ کو اسی وقت حل کریں تاکہ شہریوں کا اپنی پولیس پر اعتماد مزید بحال ہو۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
اسلام عورت اورمردکو مساوی حقوق دیتاہے۔خواتین ہماری کل آبادی کانصف حصہ پرمشتمل ہیں۔جن کے پولیس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے لیڈیزپولیس سٹاف کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے۔تمام لیڈیزسٹاف اپناکام محنت اورلگن سے سرانجام دیں ۔اس میں آپ کی اورمحکمہ پولیس کی عزت ہے۔ان خیالات کا اظہارڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکیپٹن(ر)محمدعلی ضیاء نے اپنے آفس میں عالمی یوم خواتین کے موقعہ پرلیڈیزپولیس سٹاف کے اعزازمیں دی گئی ٹی پارٹی میں کیا۔جس میں ایس پی انوسٹی گیشن میڈم شاہدہ نورین اورایس ڈی پی اوسٹی سرکل بھی شریک تھیں۔اس موقعہ پر ڈی پی اونے لیڈیزپولیس سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال کے لیے یہ فخرکی بات ہے کہ ضلع میں لیڈیزپولیس کانسٹیبل سے لے کرلیڈی ایس پی رینک تک پولیس سٹاف موجودہے۔تھانہ جات میں لیڈیزمحرران اورڈی پی اوآفس کے کمپلینٹ سنٹرمیں بھی لیڈیزسٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ضلع کے اہم سٹی سرکل ساہیوال میں بھی ایک خاتون پولیس آفیسراچھے طریقے سے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔آج کی میٹنگ کا مقصد لیڈیزسٹاف کی محکمہ پولیس میں حوصلہ افزائی کرناہے۔اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن میڈم شاہدہ نورین نے کہاکہ تمام شعبہ جات میں لیڈیزپولیس سٹاف اچھے طریقے سے اپنارول اداکررہی ہیں۔ ایس ڈی پی اوسٹی سرکل نے کہاکہ آپ لوگ محنت اورصدقے دل سے اپنے فرائض سرانجام دیں اورتھانہ میں آئے ہوئے مظلوم افرادبالخصوص خواتین کی ہرممکن مددکریں۔آخرمیں ڈی پی اوکیپٹن(ر)محمدعلی ضیاء نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈی پولیس ملازمین میں سرٹیفکیٹس اورنقدانعامات تقسیم کیے۔ اس موقعہ پرڈی پی اونے ایس پی انوسٹی گیشن میڈم شاہدہ نورین اورایس ڈی پی اوسٹی سرکل کو ان کی اچھی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پھولوں کے گلدستے بھی دیئے۔
ساہیوال:ڈی پی اوکیپٹن (ر) محمد علی ضیاء یوم خواتین کے موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن میڈم شاہدہ نورین کوگلدستہ اورلیڈی سٹاف کو تعریفی اسناد دے رہے ہیں
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کا انحصار نئی نسل کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں مضمر ہے اور موجودہ حکومت تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے تا کہ ماضی میں نظر انداز کئے جانے والے ان شعبوں میں بہتری آئے اور عوام کو ریلیف ملے ۔پچھلے دس سال میں زراعت کو نظر انداز کرنے سے ملک کی 70فیصد آبادی معاشی بدحالی کا شکار ہوئی جس کی بہتری کے لئے تحریک انصاف کی حکومت دوررس اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہو ں نے یہ بات یونیورسٹی آف ساہیوال کے سالانہ کھیلوں کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ناصر افضل ،ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی ،چیئر مین پی ایچ اے علی شکور خاں اور ڈائریکٹر کامسیٹ ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت کے علاوہ فکیلٹی اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے تعلیم اور صحت کو نظر انداز کر کے پورے پنجاب کا 500ارب روپے میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں پر خرچ کر دیا جس سے زراعت سمیت تمام شعبوں میں ترقی متاثر ہوئی ۔وزیر اعظم عمران خا ن نے ہمیشہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتماد کا اظہار کیا ہے اور حکومت کی تمام تر توجہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے پر ہے ۔صوبائی وزیرزراعت نے کہا کہ حکومتوں کی یہ ناکامی ہے کہ نئی نسل نے زرعی تعلیم میں دلچسپی نہیں لی جس سے زراعت کا شعبہ تنزلی کا شکار ہواجسے اب دور کر کے زرعی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا ۔انہو ں نے یونیورسٹی آف ساہیوال میں شعبہ زراعت کے قیام کے بعد ملت اینڈ میز فارم یوسف والا کو تحقیق کے لئے مختص کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔اس سے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر افضل خاں نے کہا کہ اگلے سال سے یونیورسٹی میں پانچ نئے شعبے قائم کئے جائیں گے جبکہ تین شعبوں میں پی ایچ ڈی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا جس سے یونیورسٹی میں تحقیق کو فروغ ملے گا۔انہو ں نے یقین ظاہر کیا کہ یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے اس کا شمار ملک کی چند بہترین یونیورسٹیوں میں کیا جائے گا جس کے لئے فکیلٹی ممبران بھر پور تعلیمی نتائج دینے کے لئے کوشاں رہے گے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیا ل نے سپورٹس ویک کے دوران مختلف کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو انعامات دیئے ۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا ہفتہ وار انعقاد موجودہ حکومت کے عوام دوست ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے جس سے عوام کے ضلعی انتظامیہ پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور مسائل میں کمی واقع ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے باہر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے بات چیت میں کیا ۔اس موقع پراے ڈی سی آر محمد نواز گوندل اور اے ڈی سی جی فاروق صادق کے علاوہ تمام صوبائی محکموں کے ضلعی و تحصیل افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو سائلین کی جانب سے پیش کی جانے والے درخواستوں و مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کو بامقصد اور با معنی بناتے ہوئے سائلین کو میرٹ پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی شکایات کے حل میں ذاتی دلچسپی لیں اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض ادا کریں۔ڈپٹی کمشنرساہیوال محمد زمان وٹونے کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے جن میں سے زیادہ تر کاتعلق ناجائز قبضوں اور ہاؤسنگ کالونیوں سے تھا ۔انہوں نے تمام پیش ہونے والے سائلین کی شکایات کو بغور سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو میرٹ کے مطابق ان کی شکایات دور کرنے اور داد رسی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں آنے والی عوامی شکایات کوترجیحی بنیادوں پرسنیں تا کہ عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کی حکومتی ہدایات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جا سکے ۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سیمینار ’’خواتین کے مساوی حقوق اور سماجی و معاشی ترقی‘‘ منعقد ہوا۔ تقریب میں ڈاکٹر ثمرین کوثرایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ، فریحہ جعفرسول ڈیفنس آفیسر ساہیوال، ڈاکٹر آمنہ سرور چیئرپرسن بارانی فاؤنڈیشن، ڈاکٹر عرشیہ ہاشمی ایرڈ یونیورسٹی ساہیوال، سماجی کارکن رفعت رانا اورسمعیہ عباس انٹرنیشنل ہاکی پلئیر نے بطور مہمانان گرامی شرکت کی۔ ڈاکٹر ثمرین نے عصری تقاضوں کے مطابق خواتین کی سماجی ترقی اور معاشرتی و معاشی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کیاکہ موجودہ حکومت اس حوالے سے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ڈاکٹر آمنہ سرور نے کہا عورت کو خوف اور عدم اعتماد کی فضا سے نکل کر اپنے سماجی رویوں کو بہتر کرنا ہوگا۔رفعت رانا نے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے خواتین کو دیئے گئے سیاسی شعور اور آزادی رائے کو سراہا۔فریحہ جعفر نے پاکستانی عورت ہونے پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب پاکستانی عورت کی سماجی حیثیت ترقی یافتہ ممالک کے برابر دکھائی دے گی۔ ڈاکٹرعرشیہ ہاشمی نے کہا کہ خواتین کی سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے تمام تر عداد و شمار مثبت اشارے نہیں بتا رہے لہذا سماج کو چاہیے کہ وہ عورتوں کے سماجی و معاشی استحصال کا خاتمہ کرے ۔ سمعیہ عباس کا کہنا تھا کہ خواتین کو بھر پور اعتماد کے ساتھ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو منظر عام پر لانا ہوگاجو معاشرے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس دوران ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے کہا کہ ہمارے اردگرد معاشی اور ٹیکنالوجی کی ترقی نمایاں ہے لیکن سماجی ترقی جمود کا شکار کیوں ؟انہوں نے سیمینار میں موجود خواتین کو اس بات پر غور وفکر کرنے کا کہا کہ ہمیں معاشی ترقی اور سماجی پستی کے درمیانی فاصلہ کو سمجھتے ہوئے اس میں واضح کمی لانا ہوگی۔ اس سارے عمل میں خواتین کا انتہائی اہم کردار ہے جوہمارے لیے سماجی ترقی کا باعث بنے گا۔ سیمینار کو شرکاء نے بہت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے آرٹس کونسل کے کردار کو سراہا۔
ساہیوال(ڈویژنل بیورو)
چوری کی وارداتوں میں ملزمان نقدی‘زیورات‘بکرااورٹرانسفارم چرالے گئے ۔جہازچوک میں عمران خان کے پلے لینڈ پر ملازم عظمت اپنے ساتھیوں کی مددسے نقدی 2لاکھ 75ہزارروپے،گاؤں64/5-Lمیں محمد اسلم کے گھرکے کمرہ کی چھت پھاڑکر نقدی وطلائی زیورات مالیتی 8لاکھ روپے نامعلوم ،63/GDمیں ظفراقبال کے گھر کے باہر سے اس کی بکری مالیتی 20ہزار روپے نصیر وغیرہ دوملزمان اورموضع اکبرشاہ میں ارشدشاہ کے رقبہ سے بجلی کا ٹرانسفارمرمالیتی 2لاکھ70ہزار روپے پانچ نامعلوم ملزمان چرالے گئے ۔پولیس نے ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلئے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے